نئی دہلی، 17؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )آپ ممبران اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات اور پنشن میں چار سوفیصد اضافہ کرنے والے بل کو مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے واپس لوٹائے جانے پر نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست کرنے کے دو فارمولے ہیں۔پہلا ، ایمانداری سے خدمت کرو، جو ہمارے رکن اسمبلی کررہے ہیں، دوسرا، وہ جو ابھی تک ہوتا آیا ہے۔نائب وزیر اعلی نے کہا کہ ممبران اسمبلی کو ابھی تک 12ہزار روپے ہی ملتے آئے ہیں جو ناکافی ہیں،اسی لیے ہم نے ان کی تنخواہ میں اضافہ کی تجویز مرکز کے پاس بھیجی تھی ، لیکن یہ بل دو بار واپس آ گیا، اب اگر بی جے پی، کانگریس اور وزارت داخلہ کے پاس کوئی فارمولا ہو تو وہ ہمیں بتائیں۔قابل ذکرہے کہ دہلی حکومت نے سابق لوک سبھا سکریٹری پی ڈی ٹی آچاریہ کی صدارت میں 21؍اگست 2015کو ممبران اسمبلی کی تنخواہوں، الاؤنس اور پنشن میں اضافہ کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی ، کمیٹی میں قرول باغ سے آپ ممبر اسمبلی وشیش روی بھی شامل تھے، کمیٹی نے 6؍اکتوبر 2015کو اپنی رپورٹ اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل کو سونپ دی۔کمیٹی نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات اور پنشن میں 400گنا اضافہ کرنے کی سفارش کی تھی۔اس کے بعد اس سے متعلق بل کو دہلی اسمبلی میں پاس کرکے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کے ذریعے مرکزی حکومت کو بھیجا گیا۔کمیٹی کی سفارشات کے مطابق، اراکین اسمبلی کو ملنے والی تنخواہ 88000کی جگہ بڑھ کر 2 لاکھ 10ہزار روپے ہو جاتی ،ساتھ ہی ان کا سفری الاؤنس بھی 5000سے بڑھا کر 3لاکھ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔اتنا ہی نہیں ممبر ان اسمبلی پہلے اپنے ملک میں ہی سفر کر سکتے تھے ،لیکن کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ان کے بیرون ملک سفر کی سفارش بھی کی تھی۔کمیٹی کی سفارشات اگر نافذ ہوجاتی ،تو اسمبلی صدر، نائب صدر، اپوزیشن لیڈر اور چیف وہپ کی تنخواہ بھی دہلی حکومت کے وزراء کے برابر ہو جاتی ۔